ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کو خوشخبری سنا دی

نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کو خوشخبری سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کرائی ہے جس کے تحت وہ اب قونصل خانوں میں قائم کیے گئے نئے نادرا کاؤنٹرز کے ذریعے شناختی اور رجسٹریشن سے متعلق تمام خدمات بآسانی حاصل کر سکیں گے۔

نادرا کے مطابق کینیڈا کے شہروں مونٹریال اور وینکوور، اٹلی کے میلان، بحرین کے دارالحکومت مناما اور اردن کے عمان میں نادرا کے کاؤنٹرز فعال کر دیے گئے ہیں جبکہ اٹلی کے دارالحکومت روم میں بھی جلد نادرا کاؤنٹر کا آغاز متوقع ہے۔ ان مراکز پر پاکستانی شہری شناختی کارڈ، دستاویزات کی تصدیق اور دیگر ضروری سہولیات سے براہِ راست استفادہ کر سکتے ہیں جو پہلے ایک مشکل اور وقت طلب عمل تھا۔

نادرا نے شہریوں کے خاندانی ریکارڈ کے تحفظ کے لیے ایک نیا نظام بھی متعارف کرایا ہے جس کے تحت اب ہر شہری آسانی سے یہ تصدیق کر سکتا ہے کہ اس کے فیملی ٹری (خاندانی ریکارڈ) میں کوئی اجنبی یا غیر متعلقہ فرد تو شامل نہیں ہو گیا۔ ترجمان نادرا سید شباہت علی کے مطابق شہریوں کے ریکارڈ میں غیر متعلقہ افراد کے شامل ہونے کی تین بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں: کسی کو جان بوجھ کر خاندان میں شامل کر دینا، کسی کو رقم یا دھوکے سے شامل کیا جانا، یا محض کسی انتظامی غلطی کے باعث غلط اندراج ہو جانا۔

ماضی میں شہریوں کو فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) دیکھنے کے لیے نادرا دفاتر جا کر باضابطہ درخواست دینا پڑتی تھی اور فیس بھی ادا کرنی پڑتی تھی، لیکن اب نیا نظام اس مرحلے کو بالکل مفت اور فوری طور پر ممکن بناتا ہے۔

اگر کسی شہری کے موبائل میں پاک آئی ڈی (Pak-ID) ایپ موجود ہے تو وہ گھر بیٹھے ہی اپنے مکمل خاندانی ریکارڈ کی تفصیلات دیکھ سکتا ہے، نہ دفتر جانے کی ضرورت ہے، نہ فیس ادا کرنی ہے، اور نہ لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی تکلیف۔

نادرا کے یہ اقدامات نہ صرف شہریوں کے ڈیٹا کے تحفظ کو مزید بہتر بنائیں گے بلکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو بھی پاکستان جیسی سہولیات فراہم کریں گے جس سے ان کا ملک سے تعلق مزید مضبوط ہوگا۔