راؤ دلشاد: پنجاب حکومت نے لاہور ریلوے اسٹیشن کے گردونواح کی سڑکوں اور انفراسٹرکچر کو جدید اور خوبصورت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب حکومت نے لاہور ریلوے اسٹیشن کے اردگرد کے علاقوں کی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے بڑا منصوبہ منظور کر لیا۔
کابینہ نے 3 کلومیٹر کے دائرے میں سڑکوں کی اپ لفٹنگ اور ری ویمپنگ کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ یہ منصوبہ سیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈی جی ایل ڈی اے نے کابینہ اجلاس میں پیش کیا۔
منصوبے کے تحت ریلوے اسٹیشن کے اطراف سڑکوں، فٹ پاتھوں اور پیدل راستوں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی، جب کہ جدید پارکنگ ایریاز، ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور سولر لائٹنگ سسٹم نصب ہوں گے۔ اس کے علاوہ گرین بیلٹس، ماحولیاتی خوبصورتی، منی ٹرین، میوزیکل فاؤنٹین اور پارک ڈویلپمنٹ کے لیے 800 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
منصوبے میں معذور افراد، بچوں اور بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی رسائی، واٹر ری سائیکلنگ اور بارش کے پانی کے مؤثر استعمال کا نظام بھی شامل ہوگا۔ تاریخی دروازوں اور ریلوے اسٹیشن کے اطراف کے علاقوں کی تزئین و آرائش کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جائے گا۔