(سعود بٹ)لیبر کالونیز میں فلیٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے بڑی پیشرفت، ہاؤسنگ الاٹمنٹ پالیسی میں صرف شادی شدہ ملازمین کی اہلیت کے حوالہ سے شرط ختم کر دی گئی۔
ورکرز ویلفیئر ہاؤسنگ الاٹمنٹ پالیسی 2021 میں ترمیم کردی گئی، ترمیم کے مطابق غیر شادی فیکٹری ملازمین کو بھی فلیٹ کیلئے اہل قرار دے دیا گیا، غیر شادی شدہ ملازمین 60 سال سے اوپر کے والدین زندہ ہونے کی بنیاد پر الاٹمنٹ کے اہل جبکہ والدین کے معذور ہونے کی صورت میں بھی فیکٹری ملازمین فلیٹ کی الاٹمنٹ کے اہل ہوں گے۔
پالیسی کے مطابق فیکٹری ملازمین کیلئے والدین کا کفیل ہونا لازمی ہوگا، لیبر کالونی کے اطراف میں دوسرے اضلاع کے 7 کلومیٹر کے اندر رہنے والے ملازمین بھی الاٹمنٹ کے اہل ہوں گے، ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے پنجاب ورکرز ہاؤسنگ الاٹمنٹ پالیسی 2021 کے حوالےسے ترمیم کا نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب محکمہ لیبر کا ورکرز کے بچوں کی بہتر تعلیم کا خواب منظوری کا منتظر ہے، نجی سکولوں میں تعلیمی اخراجات کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز مرتب کر لی گئی ہیں مگر پالیسی نہیں بن سکی۔ ذرائع کے مطابق کتابوں کی خریداری کیلئے 5 ہزار،یونیفارم کیلئے 5 ہزار جبکہ ٹرانسپورٹ کیلئے 10 ہزار سالانہ کی تجویز دی گئی، پنجاب کے 18 اضلاع میں اس وقت لیبر کے 66 سکول فعال ہیں جن میں 50 ہزار سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔