رائو دلشاد: پنجاب حکومت نے کمرشل تعمیراتی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے جدید وائلیشن ڈی ٹیکشن سسٹم (VDS) کے تجرباتی مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ منصوبے کے تحت ٹیسٹ رن اور متعلقہ عملے کی تربیت کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے تربیتی سیمینار کے دوران سسٹم کے ٹیسٹ رن کا افتتاح کیا، جبکہ تقریب میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد اور سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PMU) اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔
ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف جلد وی ڈی ایس کا باضابطہ افتتاح کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے تعمیراتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی جا سکے گی، جس کے بعد محکمہ بلدیات کا عملہ پورٹل پر موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وی ڈی ایس کو ای بِز اور ای کنسٹرکشن پورٹل کے ساتھ مربوط کیا جا رہا ہے، جبکہ رہائشی، زرعی اور صنعتی علاقوں کی ڈیجیٹل زوننگ بھی مکمل کی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق سیٹلائٹ نگرانی سے غیر قانونی اور بے ہنگم تعمیرات کی حوصلہ شکنی ہوگی اور شہری منصوبہ بندی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔
وزیر بلدیات نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کو ہدایت کی کہ عوامی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن بھی قائم کی جائے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دو ایکڑ یا اس سے زائد رقبے پر تعمیراتی سرگرمی شروع ہوتے ہی وی ڈی ایس خودکار طور پر متحرک ہو جائے گا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اُم لیلیٰ کے مطابق اس نظام کا ابتدائی تجربہ ساہیوال اور سیالکوٹ کے اضلاع میں کیا گیا، جبکہ فی الحال لاہور ڈویژن کو اس کے دائرہ کار میں شامل نہیں کیا گیا۔