ویب ڈیسک: امریکا کی جانب سے تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت کا اعلان کرنے کے بعد چین نے اپنے حریف کو کھلی دھمکی دے دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کی وزارت دفاع نے ردعمل میں کہا ہے کہ کسی نے تائیوان کو چین سے الگ کرنے کی جرات کی تو بھر پور جواب دیں گے۔
چین نے کہا ہے کہ چینی افواج علیحدگی پسندانہ کوششوں کے خلاف ہر قیمت پر لڑے گی، تائیوان چین کی سرزمین کا مقدس اور ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔
اس نے کہا ہے کہ ون چائنہ کا اصول چین امریکا تعلقات کی سیاسی بنیاد ہے، چین پر قابو پانے کے لیے تائیوان کا استعمال ناکامی سے دوچار ہوگا۔
چین نے امریکا کو ون چائنہ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔ وزارت دفاع نے کہا کہ امریکا کی تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت کا اعلان ون چائنہ کی خلاف ورزی ہے۔
گزشتہ ماہ امریکی صدر جوبائیڈن نے تائیوان کے دفاع کے لیے چین کے خلاف بھرپور طاقت کے استعمال کا اعلان کیا تھا۔
جاپانی وزیر اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو وہ اس کے دفاع کے لیے طاقت کا استعمال کریں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ تائیوان کا دفاع کرنا امریکا کے لیے عزم ہے، امریکا ون چائنہ پالیسی سے متفق ضرور ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صرف چین کی ہے لیکن اس کی مکمل وضاحت نہیں کی گئی اور یہ خیال کہ تائیوان کو طاقت کے ذریعے سے حاصل کیا جاسکتا ہے بالکل نامناسب ہے۔