( سٹی 42 ) وفاقی حکومت نے شہر سمیت ملک بھر کے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ دفاتر کو کھولنے کا اعلان کر دیا، صرف ارجنٹ فیس جمع کروانے والے سائلین پاسپورٹ کا اجراء کروا سکیں گے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ دفاتر کو بند کر دیا گیا تھا تاہم اب حکومت نے تمام دفاتر کھولنے کا اعلان کر دیا اور اس حوالے سے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو مراسلہ بھی بھجوا دیا ہے۔
مراسلے میں کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے کھولا جائیگا۔ فیس ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ عملہ کو بھی احتیاطی تدابیر اپنانا ہوں گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ ریاض حسین شاہ کے مطابق گارڈن ٹاون پاسپورٹ دفتر میں انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائلین سے اپیل ہے کہ وہ ایجنٹس کے پاس جانے کی بجائے دفتر آئیں اور صرف ارجنٹ پالیسی کے مطابق پاسپورٹ کا اجراء کروائیں۔
یاد رہے شہر کے ریجنل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ دفاتر کو اوورسیز پاکستانیوں کے لئے کھولا گیا تھا، ویزا ہونے کی صورت میں زائدالمعیاد پاسپورٹس کی مدت میں ایک سال کی توسیع ہونے لگی۔
جس کے مطابق پاسپورٹ پر کسی بھی ملک کا ویلڈ ویزا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ غیر ملکیوں کے ویزا میں بھی توسیع کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔