شہر بھر سے (وقاص احمد) شہری اور پولیس ڈاکوؤں کے آگے بے بس، صوبائی دارالحکومت میں چوری وڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں لاہوریوں سے لاکھوں روپے، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان چھین لیا گیا۔
تفصیلا ت کے مطابق ملت پارک کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے عدنان اور فیملی سے 7 لاکھ مالیت کی نقدی و طلائی زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا، کاہنہ کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر سید کمال کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کی کرنسی اور دیگر سامان لوٹ لیا اور فرار ہو گئے، گارڈن ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے خالد کے گھر سے 3 لاکھ 85 ہزار کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، چوہنگ میں ڈاکوؤں نے حفیظ کے گھر گھس کر2 لاکھ 15 ہزار کی نقدی لوٹ لی۔
قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے عادل کے گھر سے 2 لاکھ 10 ہزار کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، مغلپورہ میں ڈاکوؤں نے مشتاق کے گھر سے 2 لاکھ، زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا، شاہدرہ میں ڈاکوؤں نے افضال سے50 ہزار کی نقدی اور دیگر سامان، ہڈیارہ کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے طاہر سے 20 ہزار کی نقد ی اور دیگر سامان، لٹن روڈ کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے اعجاز سے 12 ہزار کی نقدی زیورات اور دیگر سامان چھین لیا۔
ملت پارک سے شاہد کی فیملی سے 5 لاکھ مالیت کی نقدی و طلائی زیورات چھین لئے گئے، جبکہ فیصل ٹاون، لٹن روڈ، اور جوہر ٹاون سے گاڑیاں اور نولکھا، لاری اڈہ اور ٹبی سٹی سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔
لاک ڈائون کے دوران بھی شہر میں گاڑی چوری کی وارداتیں نہ تھم سکیں،فیصل ٹاؤن میں کار موٹرزشوروم کے باہرسے ، ٹاؤن شپ کشمیر بلاک میں گھر کی دہلیز سے گاڑی چوری ہو گئی، دونوں وارادتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی، گاڑی چوری کی وارداتوں کی درخواست تھانوں میں جمع کروا دی گئی ہے مگر تاحال پولیس کی جانب سے نہ وارداتوں کا مقدمہ درج کیا گیا اور نہ ہی گاڑیوں کا کوئی سراغ لگ سکا ہے۔