طاہر جمیل: ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل کینٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ، اسسٹنٹ کمشنر صدر، ریونیو افسران اور انتظامی عملہ بھی موجود تھا۔
کھلی کچہری کے بعد ڈی سی لاہور نے تحصیل کینٹ اور تحصیل صدر کے پٹواریوں سے خطاب کرتے ہوئے ریونیو امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہیں شہریوں کی شکایات اور ان کے ازالے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ہدایت کی کہ شہریوں کی تمام شکایات کو سو فیصد میرٹ پر فوری حل کیا جائے اور عوامی سہولت کے لیے سروس ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے پٹواریوں کو ریکارڈ ہر وقت اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دیانتداری اور محنت سے فرائض انجام دینے والے افسران کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی جائے گی۔