عثمان خادم:اوپن مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں مسلسل بے قابو ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری مہنگے داموں اشیائے خور و نوش خریدنے پر مجبور ہیں۔
مارکیٹ میں متعدد پھل اور سبزیاں سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ آلو کی سرکاری قیمت 40 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم یہ 60 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز 98 روپے کے بجائے 150 روپے، جبکہ ٹماٹر 170 روپے کے مقابلے میں 250 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ہرنائی لہسن کی سرکاری قیمت 235 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 450 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ادرک 345 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ بھنڈی کی سرکاری قیمت 95 روپے ہے مگر یہ 120 روپے، کریلے 66 روپے کے بجائے 100 روپے اور ٹینڈے 114 روپے کے مقابلے میں 120 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔
پھلوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں سے خاصی زیادہ ہیں۔ سندھڑی آم 230 روپے کے بجائے 290 روپے فی کلو، دوسہری آم 220 روپے کے مقابلے میں 260 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح تربوز 40 روپے کے بجائے 60 روپے فی کلو، آڑو 190 روپے کے مقابلے میں 250 روپے فی کلو، سیب 355 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو جبکہ کیلا 150 روپے درجن کی سرکاری قیمت کے مقابلے میں 200 روپے درجن میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ صرف کاغذی کارروائی بن کر رہ گئی ہے، جبکہ دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے۔