ابوبکر ارشد:پنجاب کے صوبائی وزیر چودھری شافع حسین سے آل پاکستان فرنیچر میکرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد افضل نے کی۔ ملاقات میں ویتنام کے اعزازی قونصل جنرل رضوان فرید بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق دورانِ ملاقات ملک میں فرنیچر انڈسٹری کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور عالمی معیار کے فرنیچر کی تیاری کے لیے درکار اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفد نے گجرات میں 50 ایکڑ اراضی پر جدید فرنیچر سٹی قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جہاں عالمی معیار کی فرنیچر مینوفیکچرنگ کے ساتھ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون بھی قائم کرنے کی سفارش کی گئی تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
صوبائی وزیر چودھری شافع حسین نے تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فرنیچر سٹی کا قیام نہ صرف اس صنعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فرنیچر عالمی منڈی میں اپنی جگہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور اس شعبے میں برآمدات بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت فرنیچر انڈسٹری کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ مقامی صنعت کو عالمی سطح پر مزید مسابقتی بنایا جا سکے۔
ملاقات میں وفد کے دیگر ارکان علی عنصر گھمن، رانا بلال، رضوان، ماجد اقبال، کاظم لقمان اور دیگر بھی شریک تھے۔