ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سی ٹی او لاہور سے پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کمیٹیوں کی تشکیل

سی ٹی او لاہور سے پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کمیٹیوں کی تشکیل
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری:چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عبدالرحیم شیرازی سے پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر تنویر جٹ کی قیادت میں ملاقات کی، جس میں منی مزدا ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا، جبکہ ناجائز چالانوں سے متعلق شکایات بھی سامنے رکھیں۔ اس موقع پر سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ ان شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے اور اب ہر چالان کے ساتھ خلاف ورزی کے شواہد بھی متعلقہ ڈرائیور کو ارسال کیے جا رہے ہیں تاکہ کارروائی میں مکمل شفافیت برقرار رہے۔

عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی منی مزدا گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں تقریباً 22 ہزار منی مزدا گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، جبکہ شہر میں ہونے والے مہلک ٹریفک حادثات میں سے 11 فیصد ڈرائیورز کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غفلت، لاپرواہی، اوور اسپیڈنگ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ شہر میں مقررہ سڑکوں پر مقررہ حد سے زائد لوڈ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ باہمی مشاورت اور تعاون سے ٹریفک سے متعلق مسائل کا مؤثر حل ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے صدر تنویر جٹ نے یقین دہانی کرائی کہ ایسوسی ایشن غیر قانونی اقدامات کی حوصلہ شکنی کرے گی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

ملاقات کے اختتام پر سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے ٹرانسپورٹرز اور متعلقہ ڈی ایس پیز پر مشتمل مشترکہ کمیٹیوں کی تشکیل کا اعلان کیا۔ یہ کمیٹیاں باہمی مشاورت کے ذریعے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز مرتب کریں گی۔

اجلاس میں منی مزدا ڈرائیورز کے لیے ٹریفک قوانین سے آگاہی اور محفوظ ڈرائیونگ کے فروغ کے لیے ریفریشر کورسز کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا، تاکہ حادثات میں کمی لانے اور ٹریفک نظم و ضبط کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔