سٹی 42: اسلام آباد میں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات سمیت جمہوری اقدار کے فروغ اور پارلیمانی امور پر گفتگو ہوئی، ملاقات کے دوران قانون، انصاف اور انسانی حقوق سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے جبکہ پارلیمانی روابط اور جمہوری اداروں کے استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری اداروں اور آئینی نظام کو اہمیت حاصل ہے جبکہ قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ پارلیمانی روابط کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں کے درمیان مثبت اور تعمیری روابط جاری ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں باہمی تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا جبکہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔