ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم  نے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کے3 سالہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایت کر دی

وزیراعظم  نے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کے3 سالہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایت کر دی
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا گزشتہ تین سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی۔

 وزیراعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی بے ضابطگی یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

 اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسٹمز ویئر ہاؤسز میں پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق کارگو کی نگرانی وی-باک (WeBOC) سسٹم سے منسلک ہے، جبکہ بانڈڈ تجارت ملک کی کل درآمدات کا 16.5 فیصد ہے۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی فزیکل اسٹاک ویریفکیشن بھی کرائی جائے گی، اس کے علاوہ ویئر ہاؤسز کی لائسنسنگ اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی ویلیوایشن ٹیسٹنگ کرائی جائے گی جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹمز کا بھی جائزہ لیا جائے گا، کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں بے ضابطگیوں کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔