ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایف بی آر نے کاروباری افراد کیلئے سخت قوانین تیار کر لئے

ایف بی آر نے کاروباری افراد کیلئے سخت قوانین تیار کر لئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کاروباری افراد کے لیے سخت ڈیجیٹل مانیٹرنگ قوانین متعارف کرا دیے ہیں.

ایف بی آر کی دستاویزات کے مطابق اب سیلز ٹیکس رجسٹرڈ کاروباری افراد کے لیے ایف بی آر کے کمپیوٹرائزڈ نظام سے منسلک ہونا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

نئے قواعد کے مطابق کاروباری پوائنٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا لازم ہوگا، ڈیبٹ و کریڈٹ کارڈ مشینیں، کیو آر کوڈ اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگیوں کو ایف بی آر کے ساتھ لنک کرنا ہوگا۔آن لائن فروخت کے لیے استعمال ہونے والی ویب سائٹ، سافٹ ویئر اور موبائل ایپلی کیشنز بھی ایف بی آر سسٹم سے منسلک ہوں گی۔
ایف بی آر کے مطابق سیلز ٹیکس کی ہر انوائس میں ڈیجیٹل دستخط، کیو آر کوڈ، ایف بی آر کا منفرد نمبر شامل ہونا لازم ہوگا۔
مزید برآں، کاروباری افراد کو یومیہ، ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر الیکٹرانک انوائسز کا ریکارڈ مرتب کرنا ہوگا۔ ڈیجیٹل انوائسز کا ڈیٹا کم از کم 6 سال تک محفوظ رکھنا لازمی ہوگا۔ انٹرنیٹ یا بجلی کی بندش کی صورت میں انوائسز 24 گھنٹوں کے اندر اپلوڈ کرنا ہوں گی۔
ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی کاروباری فرد ایف بی آر سسٹم سے چھیڑ چھاڑ کرے گا تو اس پر جرمانہ اور دیگر قانونی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ کیو آر کوڈ یا ایف بی آر نمبر کے بغیر انوائسز جاری کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ٹیکس افسران کو کاروباری احاطے اور ریکارڈ تک رسائی دینا لازم ہوگا۔