ملک اشرف: سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئیں۔
میاں محمد نواز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈوکیٹ نے 3 صفحات پر مشتمل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائی۔ میاں محمد نواز شریف کے کنسلٹنٹ ڈیوڈ لارنس کی تیار کی گئی میڈیکل رہورٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر سے روک دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محمدنواز شریف کو کورونا وباء کے سبب عوامی مقامات پر جانے سے گریز کرنا چاہئے، محمد نواز شریف مخلتف بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں مزید احتیاط کی ضرورت ہے اور انہیں لندن میں اپنی صحت گاہ کے قریب ہی رہنا چاہئے۔
رپورٹ کے مطابق میاں محمدنواز شریف لندن میں زیر علاج ہیں، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ان کی صحت سے مکمل آگاہ ہیں، لندن میں نواز شریف کا بہترین علاج ہو رہا ہے، رپورٹ کےمطابق میاں محمد نواز شریف 2016ء سے لندن سے علاج کروا رہے ہیں، 2019ء میں پاکستان میں ماہر ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کے باعث نواز شریف کو میرے پاس ریفر کیا گیا۔
کنسلٹنٹ ڈیویڈ لارنس کے مطابق قید تنہائی نے نواز شریف کی ذہنی اور جسمانی صحت پر منفی اثرات ڈالے، نواز شریف ذہنی تناؤ کم کرنے کیلئے روزانہ ورزش کریں، محمد نواز شریف کے دل کی شریانیں تنگ ہو رہی ہیں، مستحکم پلیٹلیٹس نواز شریف کی صحت کیلئے انتہائی اہم ہیں،حال ہی میں دل اور گردوں کی بیماری میں پیچیدگی سامنے آئی ہے،ہیمٹالوجی اور گردوں کےسپیشلسٹ کی کلئیرنس کے بعد میاں محمد نواز کی دل کے مرض کا علاج کیا جائے گا۔