ویب ڈیسک: اہم سفارتی پیش رفت میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا خصوصی طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو گیا ہے، جہاں وہ اسلام آباد میں متوقع امن مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
وہ گزشتہ شب امریکی ریاست میری لینڈ سے روانہ ہوئے تھے اور آمد سے قبل اپنے بیان میں کہا کہ امریکا تعمیری اور بامقصد بات چیت کا خواہاں ہے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات کے لیے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مثبت پیش رفت کی امید ہے اور بات چیت کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔
دوسری جانب ایرانی وفد پہلے ہی پاکستان پہنچ چکا ہے، جس کی قیادت محمد باقر غالب کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران خیر سگالی کے جذبے کے تحت مذاکرات میں شریک ہو رہا ہے، تاہم امریکا پر مکمل اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر امریکا سنجیدہ اور قابلِ قبول معاہدہ پیش کرے اور ایران کے جائز حقوق کو تسلیم کرے تو معاہدے تک پہنچنا ممکن ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان یہ ممکنہ مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک اہم کوشش سمجھے جا رہے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی نظریں اسلام آباد میں ہونے والی اس پیش رفت پر مرکوز ہیں۔