(جمال الدین)لاہور کی احتساب عدالت میں پرویز الٰہی و دیگر کیخلاف گجرات کے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور کک بیکس ریفرنس پر سماعت ہوئی۔
سابق پرنسپل سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے، جبکہ پرویز الٰہی کی جگہ ان کے نمائندے حاضری کے لیے پیش ہوئے۔
عدالت نے بیماری کے باعث پرویز الٰہی کو مستقل حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے اور مختیار احمد رانجھا کو ان کا پلیڈر مقرر کر رکھا ہے۔
نیب کے گواہان شہادت ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے، تاہم ملزمان کے وکلاء نے کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
معاون وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سینئر وکیل آج دستیاب نہیں۔
احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے سماعت کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید کارروائی 22 اکتوبر تک ملتوی کردی اور نیب کے گواہان کو آئندہ پیشی پر حاضری یقینی بنانے کا پابند کردیا۔