راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم فیز ٹو کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم کے بعد طلبہ کے لیے سی ایم ای بائیک سکیم کا پورٹل بھی کھول دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق صرف دو دن میں 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ نے سی ایم ای بائیک سکیم میں رجسٹریشن کرائی، جبکہ دو لاکھ 65 ہزار طلبہ کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ اب تک ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد طلبہ اپنی درخواستیں بھی جمع کرا چکے ہیں۔
طلبہ 4 اکتوبر تک سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ سکیم کے لیے پنجاب کا ڈومیسائل یا شناختی کارڈ، ایچ ای سی سے منظور شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی کا ریگولر طالبعلم ہونا اور عمر کم از کم 18 سال ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ایک خاندان سے صرف ایک طالبعلم کو ای بائیک دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر طلبہ کے لیے ڈاؤن پیمنٹ مکمل طور پر معاف کر دی گئی ہے، جبکہ حکومت پنجاب انٹرسٹ اور انشورنس کی ادائیگی بھی کرے گی۔
سی ایم الیکٹرک بائیک حاصل کرنے والے طلبہ صرف 3028 روپے ماہانہ قسط ادا کریں گے۔ سکیم کے تحت ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ طلبہ کو ای بائیک چلانے کی دو روزہ تربیت بھی دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ تمام پراسیس مکمل ہونے کے بعد چھ ہفتوں کے اندر طلبہ کو ای بائیکس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔