(شہزاد خان) شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر زبردست اضافے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز سونے کی قیمت میں 1 ہزار 700 روپے کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ، جیولرز برادری اور خواتین صارفین نے سونے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔صوبائی دارلحکومت کے صرافہ بازاروں میں سونا مزید مہنگا ہونے کا سلسلہ تاحال برقرار ہے ہفتے کے روز سونا 1700 روپے فی تولہ مہنگا ہوا جس کے بعد خالص 24 قیراط فی تولہ سونا 1 لاکھ 16 ہزار 800 روپے میں فروخت ہوا اور بایئس قیراط فی تولہ سونا 1 لاکھ 7ہزار500 روپے میں فروخت کیا گیا اسی طرح اکیس قیراط فی تولہ سونے کے نرخ1 لاکھ 2ہزار روپے رہے۔
5 ڈالر بڑھ کر عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1929 ڈالر رہی جبکہ چاندی ،1200 روپے فی تولہ میں فروخت ہوئی۔خواتین صارفین نے سونے کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ سونے کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سونا متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے۔