ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کو سخت تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
پاکستان کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جنہوں نے جنگ کے حق میں بیانات دیے اور جنگ کو جشن کے طور پر پیش کیا۔
زارا نور عباس نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں جنگ کی حمایت کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کوئی مذاق نہیں اس کا درد وہی محسوس کرتا ہے جس نے اپنا کوئی پیارا کھویا ہو۔
اداکارہ نے بھارتی میڈیا پر لاہور اور کراچی پر حملوں کی جھوٹی خبریں پھیلانے پر سخت تنقید کرتے ہوئے واضح کیا کہ دونوں شہر پرامن اور مستحکم ہیں اور ہمیں پانی بھی وافر مقدار میں میسر ہے۔
زارا نور عباس نے بھارتی سوشل میڈیا صارفین کو یاد دلایا کہ اگر جنگ ہوئی تو اصل نقصان ان خاندانوں کو ہوگا جن کے بیٹے، شوہر یا باپ اس میں شہید ہوں گے، نہ کہ ان کو جو موبائل اسکرین کے پیچھے بیٹھے خوشیاں مناتے ہیں۔
اداکارہ کے اس جرات مندانہ بیان کو پاکستان سمیت سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ صارفین ان کے امن پسند رویے اور حقیقت پسندی کو سراہ رہے ہیں اور ان کے پیغام کو امن کی ایک واضح آواز قرار دے رہے ہیں۔