سٹی 42 : ایران و مشرق وسطی میں جنگ کے اثرات سے متعلق ویڈیوز بنانے، شائع کرنے اور دوبارہ شیئر کرنے پر بحرین نے 5 پاکستانی اور ایک بنگلہ دیشی شہری کو گرفتار کرلیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ان 5 پاکستانیوں اور ایک بنگلہ دیشی شہری کو بحرین پر جاری ایرانی حملوں کے تناظر میں گرفتار کیا گیا ہے، ان 6 ایشیائی باشندوں کو مبینہ ایرانی جارحیت کے اثرات سے متعلق ویڈیوز بنانے، شائع کرنے اور دوبارہ شیئر کرنے پر نشاندہی کرکے، گرفتار کیا گیا ہے۔
بحرین کے اینٹی سائبر کرائم ڈائریکٹوریٹ نے ان غیرملکی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
بحرین وزارتِ داخلہ کے مطابق بحرینی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اینڈ اکنامک اینڈ الیکٹرانک سیکیورٹی کے تحت ان باشندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بحرینی وزارت داخلہ کی تصدیق کی ہے کہ ان افراد نے ایرانی جارحیت کے غدارانہ حملوں کے اثرات پر مبنی ویڈیوز بنائیں۔ ملزمان نے انہیں اس انداز میں سوشل میڈیا پر پھیلایا جس میں ان دشمنانہ کارروائیوں کے ساتھ ہمدردی اور ان کی تعریف ظاہر کی گئی ۔
بحرینی وزارتِ داخلہ کے مطابق ملزمان کا یہ عمل سیکیورٹی اور امنِ عامہ کے لیے نقصان دہ ہے۔یہ ویڈیوز ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلائی گئیں جس سے عوامی رائے کو گمراہ کرنے اور شہریوں و رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیلانے میں اضافہ ہوا ۔
حکام کے مطابق قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، اور ملزمان کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ پاکستانیوں میں عبدالرحمن عبدالستار، ارسلان علی، ساجد، محمد معز اکبر، احمد ممتاز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گرفتار ہونے والے بنگلہ دیشی شہری کا نام محمد اسرافیل میر ہے۔