عرفان ملک:عالمی سطح پر جنگی صورتحال اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے ایندھن کے استعمال میں کمی کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق عید تک رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کے خلاف چالان نہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے کی صورت میں مرحلہ وار حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں چیف ٹریفک آفیسر سمیت ٹریفک پولیس کے اہلکار سرکاری گاڑیوں کے بجائے موٹر سائیکل استعمال کریں گے۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر ٹریفک پولیس کی گاڑیوں کو غیر ضروری طور پر سٹارٹ کر کے کھڑا رکھنے سے بھی گریز کیا جائے گا تاکہ ایندھن کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
حکام کے مطابق اگر پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو تیسرے مرحلے میں ٹریفک پولیس سائیکلوں پر پٹرولنگ کرنے پر بھی غور کرے گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری طور پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے استعمال سے گریز کریں تاکہ ایندھن کی بچت ممکن ہو سکے اور قومی وسائل پر دباؤ کم کیا جا سکے۔