(ویب ڈیسک) ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے سپر سٹار رام چرن کی اسپورٹس ایکشن ڈرامہ فلم ’’ پیدی‘‘( Peddi)ے ریلیز کے صرف پانچ دنوں میں عالمی باکس آفس پر315 کروڑ بھارتی روپے سے زائد (پاکستانی 900 کروڑ سے زائد) کی کمائی کرکے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ فلم4جون کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور شاندار اوپننگ کے بعد مسلسل اچھا بزنس کر رہی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رام چرن کی نئی فلم ’’ پیدی‘‘ باکس آفس پر غیر معمولی کامیابی حاصل کر رہی ہے۔ فلم کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پیدی نے ریلیز کے صرف 5 دنوں میں دنیا بھر میں 315 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کر لیا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری بوچی بابو سانا نے کی ہے اور اسے4جون کو عالمی سطح پر سنیما گھروں میں ریلیز کیا گیا تھا۔ فلم میں رام چرن کے ساتھ شیوا راجکمار اور جھانوی کپور مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی معاون کاسٹ میں جگپتی بابو، دیویندو اور بومن ایرانی شامل ہیں، جن کی اداکاری کو بھی شائقین اور ناقدین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پروڈکشن بینر وردھی سنیما نے منگل کو اپنے ایکس پیغام میں فلم کی تازہ باکس آفس کارکردگی کا اعلان کیا۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فلم نے پہلے روز135 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کی زبردست اوپننگ حاصل کی، جبکہ ابتدائی ویک اینڈ کے اختتام تک اس کی مجموعی کمائی 236کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ گئی تھی۔ پانچویں روز کے اختتام پر فلم کی عالمی مجموعی آمدنی 315؍ کروڑ بھارتی روپے سے تجاوز کر گئی، جس کے بعد اسے رواں سال کی بڑی کامیاب فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ اس اہم کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے اسٹوڈیو نے ایکس پر لکھا کہ ’’باکس آفس چیمپئن ’’ پیدی‘‘ اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔
فلم کی کہانی1980 کی دہائی کے دیہی آندھرا پردیش میں ترتیب دی گئی ہے اور ایک نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی جدوجہد کو پیش کرتی ہے، جو کشتی کے کھیل کے ذریعے اپنی برادری کے لیے عزت، شناخت اور سماجی مقام حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ سماجی مسائل اور کھیل کے پس منظر پر مبنی یہ کہانی نہ صرف ایک فرد کی جدوجہد کو اجاگر کرتی ہے بلکہ اس دور کے دیہی سماج میں موجود طبقاتی اور سماجی چیلنجز کو بھی نمایاں کرتی ہے۔ فلم کی موسیقی آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے، جسے شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل حاصل ہو رہا ہے۔