علی ساہی: محکمہ جیل پنجاب نے اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے 103 مختلف گرانٹس کی منظوری دے دی ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے پنجاب پریزنز فاؤنڈیشن کے تحت مختلف فلاحی گرانٹس کے 103 کیسز کی منظوری دی، جبکہ ایک پروقار تقریب میں مستحق ملازمین میں چیکس بھی تقسیم کیے گئے۔
حکام کے مطابق پنجاب پریزنز فاؤنڈیشن کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 14 لاکھ 20 ہزار روپے سے زائد مالیت کی گرانٹس منظور کی گئی ہیں۔
منظور شدہ گرانٹس میں 36 شادی گرانٹس شامل ہیں، جن کے لیے 72 لاکھ 82 ہزار 500 روپے مختص کیے گئے۔ اسی طرح 18 تدفینی گرانٹس کے لیے 18 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔
ملازمین کے بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے 47 تعلیمی سکالرشپ کیسز منظور کیے گئے، جن پر 21 لاکھ 99 ہزار 600 روپے خرچ کیے جائیں گے۔ خصوصی افراد کے لیے بھی ایک لاکھ 44 ہزار روپے مالیت کے دو سکالرشپ کیسز کی منظوری دی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب پریزنز فاؤنڈیشن نے جنوری 2013 سے 8 جون 2026 تک مجموعی طور پر 2 ہزار 101 فلاحی کیسز کی منظوری دی، جن میں 644 شادی گرانٹس، 808 تعلیمی سکالرشپس اور 649 تدفینی گرانٹس شامل ہیں۔