وقاص عظیم :ورلڈ بینک نے پاکستان کے بجلی کے ترسیلی نظام کو جدید بنانے کے لیے 375.9 ملین ڈالر مالیت کے بیسٹ پاک (BEST-Pak) پروگرام کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق منصوبے کے تحت قومی گرڈ کو جدید، مستحکم اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ بجلی کی بندش میں کمی لائی جا سکے اور قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ ملے۔
منصوبے کے تحت تین 500 کے وی گرڈ اسٹیشنز پر جدید STATCOM سسٹمز نصب کیے جائیں گے، جبکہ 26 گرڈ اسٹیشنز پر جدید آلات کی تنصیب سے بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔
ورلڈ بینک کے مطابق اس منصوبے سے 640 میگاواٹ ونڈ پاور قومی گرڈ میں شامل کی جا سکے گی، جبکہ جنوبی پاکستان میں 1,840 میگاواٹ ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی سے بھرپور استفادہ ممکن ہوگا۔ اس کے علاوہ منصوبہ نجی شعبے کے 491 میگاواٹ قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کی بھی معاونت کرے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ منصوبہ بجلی کی لاگت میں کمی، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور این ٹی ڈی سی کی تنظیمِ نو میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
ورلڈ بینک کے مطابق اس منصوبے سے سالانہ 8 لاکھ 32 ہزار 500 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی متوقع ہے، جبکہ یہ پاکستان کو 2030 تک 60 فیصد قابلِ تجدید توانائی کے ہدف کے حصول کے قریب لانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔