شاہ محمود قریشی نے صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کردیا

شاہ محمود قریشی نے صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ( آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وکی پیڈیا پروفائل ایڈٹ ہونے کے بعد اپنی صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان میں کوئی سچائی نہیں اور وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

ایک بیان میں وزیر خارجہ  نے کہا کہ  ضرررساں عناصر نے وکی پیڈیا پر ان کی پروفائل ایڈٹ کی تھی، انہوں نے کہا کہ  بہت سی پیچیدگیاں پیدا کی گئیں جس سے میرے پیاروں اور اہلخانہ کو تکلیف پہنچی، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں فون کالز بھی موصول ہونا شروع ہوگئی تھیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں اور میں ٹھیک ہوں، یاد رہے گزشتہ دنوں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ شاہ محمود قریشی نے وکی پیڈیا پر کی گئی تبدیلیوں کی وضاحت نہیں کی تھی تاہم پیج کی ہسٹری سے ظاہر ہوتا ہے کہ 5 جولائی کو کی جانے والی تبدیلی میں یہ عکاسی کی گئی تھی کہ وزیر خارجہ 4 جولائی کو  انتقال کرگئے تھے۔ مزید برآں وزارت خارجہ سے بھی شاہ محمود قریشی کی پروفائل میں کی گئی تبدیلیوں سے متعلق بیان جاری کیا گیا۔

خیال رہے کہ 3 جولائی کو شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کہ انہیں ہلکا بخار ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اب میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے لیکن اللہ کے کرم سے میں خود کو مضبوط اور توانا محسوس کر رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ 'میں گھر سے اپنے فرائض انجام دیتا رہوں گا جبکہ عوام سے درخواست ہے کہ مجھے دعاؤں میں یاد رکھیں۔
 


 

Shazia Bashir

Content Writer