سٹی42: ماڈل ٹاؤن ڈویژن کی پولیس چوکی لکھوکی میں ایک شہری کو زنجیروں سے باندھ کر چارپائی کے ساتھ باندھنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تشویش پھیل گئی ہے۔ پولیس ذرائع نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ویڈیو تین روز پرانی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہری کو زنجیروں سے باندھنے کا حکم چوکی انچارج عدنان ورک نے دیا تھا۔ اس دوران شہری کو زنجیروں سے باندھ کر چارپائی کے ساتھ باندھ دیا گیا، اور کہا جا رہا ہے کہ شہریوں کو اسی طرح باندھ کر تشدد بھی کیا جاتا ہے۔
زنجیروں میں بندھے ہوئے شہری کی شناخت مختار احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ کیرکا گاؤں کا رہائشی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مختار احمد کو گزشتہ پانچ روز سے حراست میں رکھا گیا تھا اور اسے زنجیروں میں باندھ کر رکھا گیا۔
ذرائع کے مطابق مختار احمد پر چوری کا الزام ہے، تاہم اب تک اس کا کوئی کریمنل ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔
پولیس نے اس واقعے پر کارروائی کے لیے ابتدائی اقدامات شروع کر دیے ہیں، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا چوکی انچارج یا دیگر اہلکاروں کے خلاف تادیبی یا قانونی کارروائی کی جائے گی یا نہیں۔