سٹی 42 : وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ سٹوڈنٹ اکرام اللہ سے ملاقات کی اور اعزازی نمبروں سے امتحان میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
اکرام اللہ نے راولپنڈی بورڈ کے میٹرک امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کی جس کے بعد انہیں وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کیلئے وزیر اعظم ہاؤس مدعو کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اکرام اللہ کاکڑ کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر ہوا تھا، دورہ قلعہ سیف اللہ کے دوران اکرام اللہ سے امدادی خیمےمیں ملاقات ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اکرام اللہ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنےکی خواہش ظاہر کی تھی، آج دیکھ کر خوشی ہوئی کہ اکرام اللہ محنت سے اپنےہدف کی جانب گامزن ہے۔
دوسری جانب طالب علم اکرام اللہ نے وزیراعظم سے گفتگو میں کہا کہ میں نے محنت جاری رکھی اور آپ سے کیا وعدہ پورا کیا،یہ سب کچھ آپ کی بدولت ممکن ہوا۔ طالب علم نے کہا کہ آپ سرپرستی نہ کرتے تو یہ کامیابی حاصل نہ ہوتی ، آپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک وقوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔