(ویب ڈیسک) دنیا بھر میں موٹاپے کا شکار افراد کی تعداد آئے روز بڑھتی جا رہی ہے۔
خواتین اور حضرات اس کے علاج کے لیے مختلف ہسپتالوں، کھیل کے میدانوں اور جم کے چکر کاٹتے دکھائی دیتے ہیں۔ مگر موٹاپا ہے کہ ختم نہیں ہوتا۔ یہ الگ بات ہے کہ آپ خوراک میں معمولی تبدیلوں کے ذریعے سے موٹاپے سے نجات پا سکتے ہیں۔ خوراک میں شامل بعض اجزا جسم میں چینی اور چربی کو جلا کر زیادہ توانائی پیدا کرتے ہیں۔ اس سے موٹاپا خود بخود بھاگ جاتا ہے۔
عمومی طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ موٹاپے سے بچنا ہے تو خوراک کم کر دو، اس طرح کم کھانے سے وزن خود بخود کم ہو جائے گا تاہم یہ ہر شخص پر صحیح ثابت نہیں ہوتی۔البتہ کچھ خاص قسم کے پھل اور سبزیاں کھانے سے نظام ہاضمہ بہتر کام کرنے لگتا ہے۔
دہی کا استعمال موٹاپے پر قابو پانے کیلئے بہترین
اکثر خواتین اپنے بڑھتے وزن کے حوالے سے فکرمند ہوتی ہیں تاہم دہی کا استعمال ان کا یہ مسئلہ حل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ بات کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ لاوال یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق دہی میں شامل بیکٹریا پروبائیوٹکس خواتین کے جسمانی وزن میں کمی لاتا ہے۔ تحقیق کے دوران موٹاپے کے شکار مرد و خواتین کو 24 ہفتوں تک اس بیکٹریا سے تیار کردہ گولیاں کھلائی گئیں، جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ خواتین کے وزن میں اوسطاً 9.7 سے 11.5 پونڈز تک کمی ہوئی۔
بڑھتے وزن سے پریشان خواتین کیلئے سب سے دلچسپ نسخہ
کیا آپ اپنے بڑھتے وزن سے پریشان ہیں؟ اگر ہاں تو جناب یہ تو کوئی مسئلہ ہی نہیں بس کسی کے ہاتھوں مسترد ہونے کا تجربہ کرلیں۔ جی ہاں یہ دلچسپ دعویٰ ایک برطانوی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔ فورزا سپلیمنٹ کی تحقیق کے مطابق کسی کے ہاتھوں دل ٹوٹنے کے ایک ماہ کے اندر ہی خواتین کے وزن میں 2.26 کلوگرام کی کمی واقع ہوتی ہے۔ تحقیق میں تو مزید کہا گیا ہے کہ اگر تعلق ٹوٹنے کے بعد خواتین ایک سال تک تنہا رہ کر گزار لیں تو ان میں موٹاپا اگر واقعی ہو تو اس میں 6 سے 7 کلو کی کمی ہوجاتی ہے۔
آہستگی سے کھانا موٹاپے سے بچاﺅ کا آسان طریقہ
خوراک کو مناسب طریقے سے چبا کر نگلنا جسمانی وزن میں کمی کا آسان ترین نسخہ ہے۔ یہ بات ایک امریکی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ ٹیکساس کرسٹین یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق آہستگی سے کھانے اور چھوٹے لقمے لینے سے لوگوں کو کھانے کے کچھ دیر بعد بھوک کا احساس کم ہوتا ہے۔ اسی طرح جو لوگ سست روی سے کھاتے ہیں وہ زیادہ پانی بھی پیتے ہیں جس سے انہیں طبیعت سیر ہونے کا احساس زیادہ ہوتا ہے۔
زیادہ پروٹین والی غذا
اپنی غذا میں زیادہ پروٹین کا استعمال آپ کو موٹاپے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق اپنے جسمانی وزن میں کمی کیلئے کیلیوریز جلانے کی بجائے آپ غذا میں پروٹین سے بھرپور اشیاء کا استعمال زیادہ کریں۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گوشت، مچھلی، انڈے وغیرہ کا استعمال اس حوالے سے بہترین ہے کیونکہ یہ پروٹین سے بھرپور غذائیں ہوتی ہیں۔