مانیٹرنگ ڈیسک: ملک میں عبوری حکومت کا انتظام دیکھنے کے لیے نگران وزیراعظم کے تقرر پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگران وزیراعظم کے معاملے پر مشاورت آج ہوگی۔اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، پوری کوشش ہوگی وزیراعظم کے ساتھ نگران کا نام فائنل کرلیں۔
پیپلز پارٹی نے نگران وزیر اعظم کے لیے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ابھی نام سامنے نہیں آئے ہیں۔
اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے تین دن کا وقت ہے، تین دن میں نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔
پارلیمانی کمیٹی تین دن کے اندر نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرے گی ، پارلیمانی کمیٹی بھی فیصلہ نہ کرسکی تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا ، الیکشن کمیشن دیے گئے ناموں میں سے دو دن کے اندر نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کرے گا۔