زاہد چودھری: جنرل ہسپتال کی نیورو سرجری آؤٹ ڈور میں جلدی سی ٹی سکین کرانے کے نام پر مریض سے 3500 روپے وصول کرنے والے نوسرباز کو پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ سمیت پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
جنرل ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نوسرباز احمد تصور نے مریض سے جلدی سی ٹی سکین کرانے کے نام پر 3500 روپے وصول کیے، تاہم مریض کا سی ٹی سکین ایمرجنسی میں مفت کیا گیا واقعے کا علم ہوتے ہی ہسپتال انتظامیہ نے نوسرباز احمد تصور اور پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ کو پولیس کے حوالے کردیا، جبکہ پولیس نے گروہ کے سرغنہ احسان کی تلاش شروع کردی ہے۔
ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ٹیسٹ کی فیس ادا کرتے وقت سرکاری رسید ضرور چیک کریں اُنہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں مریضوں اور لواحقین سے فراڈ یا غیر قانونی وصولی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔