ثمرا فاطمہ:یکم سے 7 ستمبر کے دوران پنجاب بھر میں ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں, اس دوران 1,867 اینٹوں کے بھٹوں کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 33 بھٹے مسمار، صنعتی یونٹس سیل کیے گئے جبکہ 23 مقدمات درج کر کے 35 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔
محکمہ ماحولیات نے ایک ہفتے کے دوران 1,037 صنعتی یونٹس کا بھی معائنہ کیا، جس کے نتیجے میں 59 یونٹس سیل، 8 مقدمات درج اور 54 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔
غیر قانونی پلاسٹک کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رہا۔ 1,290 انسپیکشنز کے دوران 8,513 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا جبکہ 101 احاطے سیل کیے گئے۔
فیوگیٹو ڈسٹ کے تدارک کے لیے ایک ہفتے میں 40 یونین کونسلز کے دورے کیے گئے، جہاں 27 نوٹس جاری کیے گئے اور 11 مقامات کو سیل کر دیا گیا۔
صرف 7 ستمبر کو 395 اینٹوں کے بھٹوں، 235 صنعتی یونٹس اور 183 پلاسٹک یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ کارروائی کے دوران 1,338 کلوگرام غیر قانونی پلاسٹک ضبط کیا گیا، 29 احاطے سیل کیے گئے اور ایک لاکھ 67 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔