( قیصر کھوکھر ) وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضی نے محکمہ داخلہ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر قانون کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن وا مان کا قیام اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے کسی کو شرپسندی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی، صوبہ بھر میں کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ایل ای اے پوری طرح الرٹ ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے ہر طرح سے الرٹ ہیں۔ 9 محرم الحرام کے روز 3 ہزار 711 مجالس اور 1 ہزار 593 جلوس صوبہ بھر میں نکالے جا رہے ہیں۔ آج کے دن اب تک ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے 32 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں 9 کیخلاف مقدمات اور 20 کو وارننگ جاری کر دی گئی ہیں۔
احسان بھٹہ نے بتایا کہ تمام اضلاع کے اہم راستوں کی نگرانی بذریعہ ہیلی کاپٹر کی جائے گی۔ وزیر قانون نے محکمہ داخلہ سمیت تمام سکیورٹی اداروں کی طرف سے کیے گئے اقدامات پر اطمنان کا اظہار کیا۔