سٹی42: سالانہ تبلیغی اجتماع رائے ونڈ کا پہلا مرحلہ اختتامی دعا کے ساتھ مکمل ہوگیا ،اختتامی دعا کے موقع پر رائے ونڈ کی طرف آنے والی تمام سڑکیں ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔
سالانہ تبلیغی اجتماع رائے ونڈ کا پہلا مرحلہ اختتامی دعا کے ساتھ مکمل ہوگیا۔ دعا کے بعد شرکاء کی بڑی تعداد نے رائے ونڈ سے اپنے علاقوں کی جانب روانگی شروع کردی ہے۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق اجتماع سے شرکاء کے انخلاء کے لیے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے جبکہ 1200 کے قریب اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک رائے ونڈ جانے والے راستے بند رہیں گے۔اختتامی دعا کے بعد رائے ونڈ سے لاہور روڈ، سندر روڈ اور مانگا روڈ کو یکطرفہ چلایا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔سی ٹی او کے مطابق رائے ونڈ روڈ پاجیاں موڑ سے قزلباش چوک تک دونوں اطراف ون وے ٹریفک چلائی جائے گی۔اسی طرح سندر روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ تک بھی دونوں اطراف ون وے نظام کے تحت ٹریفک چلائی جائے گی۔
مزید برآں ملتان روڈ اور رائے ونڈ مانگا روڈ پر بھی شرکاء کی گاڑیوں کو یکطرفہ چلایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ انخلاء کے دوران کسی بھی ٹریفک کو موٹروے یا رنگ روڈ سے رائے ونڈ کی جانب اترنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ رائے ونڈ سے آنے والی ٹریفک کے لیے اڈہ پلاٹ سے رنگ روڈ کا راستہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ٹی او نے مزید کہا کہ انخلاء کے وقت موٹر سائیکل اور رکشہ اسٹینڈز سب سے پہلے خالی کرائے جائیں گے، اس کے بعد کار، ویگن، بس اور ٹرک اسٹینڈز کو مرحلہ وار خالی کروایا جائے گا۔ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے اضافی نفری اور تمام دفتری اسٹاف کو بھی موقع پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
اُن کا مزید کہنا ہے کہ اختتامی دعا کے دوران کسی بھی گاڑی کو اجتماع روڈ پر کھڑا ہونے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دوپہر 12 بجے تک رائے ونڈ روڈ پر سفر سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔