ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں 485 دیہات کو مثالی گاؤں بنایا جائے گا، ذیشان رفیق

پنجاب میں 485 دیہات کو مثالی گاؤں بنایا جائے گا، ذیشان رفیق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راو دلشاد: وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی (پی آر ایم ایس سی) کی جانب سے " مریم نواز کا سوہنا پنجاب" پروگرام کے تحت مثالی گاؤں منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ اس دوران نئے مالی سال میں منصوبے کے لیے مزید 39 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ذیشان رفیق نے بتایا کہ پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے 485 دیہات کو مثالی گاؤں بنایا جا رہا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں 40 لاکھ افراد کو جدید میونسپل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دسمبر 2026 تک پہلے مرحلے کی تکمیل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

وزیر بلدیات کے مطابق بہاولپور ڈویژن کے 48، گوجرانوالہ کے 55، ملتان کے 63، ڈی جی خان کے 39، سرگودھا کے 41، ساہیوال کے 44، گجرات کے 51، لاہور ڈویژن کے 50، راولپنڈی کے 58 اور فیصل آباد کے 36 دیہات اس منصوبے میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر مثالی گاؤں کی تمام گلیاں پختہ کی جائیں گی، روایتی چھپڑ بحال کیے جائیں گے جبکہ چلڈرن پارکس اور سٹریٹ لائٹس کی سکیمیں بھی مکمل کی جائیں گی۔

ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ پہلے سے موجود پکی گلیوں کو توڑنے سے گریز کیا جائے اور جن دیہات میں پانی کا مسئلہ نہیں وہاں واٹر سپلائی سکیمیں شامل نہ کی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مثالی گاؤں پروگرام کا دائرہ 7500 دیہات تک وسیع کرنے کی ہدایت دی ہے اور آئندہ مراحل میں پہلے مرحلے کے تجربات اور چیلنجز کو مدنظر رکھا جائے گا۔