عرفان ملک: شہر میں منشیات فروشوں کا آن لائن نیٹ ورک فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں سوشل میڈیا اور مختلف میسجنگ ایپس کے ذریعے مبینہ طور پر منشیات کی سپلائی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئس اور دیگر منشیات کی آن لائن بکنگ اور ڈیلیوری کے رجحان میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث تفتیشی اداروں کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروش اب روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید ڈیجیٹل ذرائع استعمال کر رہے ہیں، جبکہ غیر ملکی نمبرز اور خفیہ ایپس کے استعمال نے تحقیقات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس کا غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال بڑھتا جا رہا ہے، تاہم سائبر کرائم سے متعلق محدود وسائل اس نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب چند روز قبل گڑھی شاہو میں پولیس نے ایک خاتون منشیات فروش کو گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے 7 کلوگرام آئس برآمد ہوئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمہ مبینہ طور پر ایک ایپ کے ذریعے خیبرپختونخوا سے منشیات منگوانے میں کامیاب رہی۔
پولیس اور متعلقہ ادارے اس نئے ڈیجیٹل منشیات نیٹ ورک کی کڑیوں کو توڑنے کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں