(زاہد چوہدری)کورونا کی شرح میں کمی ضرور آئی ہے لیکن اموات کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا سے 13 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ شہر میں کورونا وائرس کے 103 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔مختلف ہسپتالوں میں کورونا کے 350 مریض داخل ہیں جن میں سے92 مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے کے سبب انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔
ملکی مجموعی صورتحال کی بات کریں توموذی وبا کورونا وائرس کےباعث پاکستان بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 77افراد انتقال کر گئے جبکہ کورونا مریضوں کے 1 ہزار118 نئےکیسز سامنے آئے ہیں۔ ملک میں کورونا کیسز کی شرح2.54 فیصد ہو گئی گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران43,900 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 21 ہزار453 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 36ہزار131ہے۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 46 ہزار190 ہے اور8لاکھ 67 ہزار447 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 10 ہزار349 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ صوبہ سندھ میں 5 ہزار144، صوبہ خیبرپختونخوا 4 ہزار 164، اسلام آباد 766، گلگت بلتستان 107، صوبہ بلوچستان میں 290 اور آزاد کشمیر میں 556 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔