عرفاان ملک:لاہور میں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) سید عبدالرحیم شیرازی نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
سی ٹی او لاہور نے ای چالان ریکوری سکواڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ٹاپ 100 نادہندہ گاڑیوں کی فہرست فراہم کی اور سکواڈز کو سیف سٹی کے تعاون سے ان گاڑیوں کی مؤثر ٹریکنگ اور فوری گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے بتایا کہ بیس سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر (ANPR) ٹیکنالوجی کی مدد سے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی حکم دیا گیا کہ ای چالان نادہندہ گاڑیوں کو فوری طور پر تھانے میں بند کیا جائے، جبکہ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی متحرک کر دی گئی ہیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ ای چالان ڈیفالٹرز کے لیے پولیس کی 14 اہم سروسز کی فراہمی محدود کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور لائسنسنگ سسٹم کو باہم مربوط (انٹیگریٹڈ) کر دیا گیا ہے تاکہ نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ پنجاب بھر میں ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اب خلاف ورزی کرنے والوں کی موٹرسائیکل ایک روز کے لیے بند بھی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے صوبہ بھر میں ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نئی ہدایات کے تحت ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کا نہ صرف چالان کیا جائے گا بلکہ ان کی موٹرسائیکل ایک دن کے لیے بند بھی کر دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے کے لیے آج سے باقاعدہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ لین لائن کی پابندی نہ کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ ماہ 20 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں لائن لین کی خلاف ورزی پر بند کی گئیں۔
حکام نے کہا کہ یہ تمام اقدامات شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں پر لین لائن کی پابندی کریں اور ہر صورت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیا ڈیجیٹل چالاننگ نظام متعارف کرا دیا گیا جس کے تحت اب ہر ٹریفک چالان مکمل شواہد کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔