ویب ڈیسک: رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ثابت ہوا کہ عمران خان جھوٹا ہے، ثابت ہوا کہ شہبازشریف نے کرپشن نہیں کی۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف سے مانگی گئی معافی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوا کہ کرپشن نہیں تھی، اس لیے جھوٹا افسانہ گھڑا گیا۔ شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوا کہ وزیراعظم کا اختیار جھوٹ پھیلانے کے لیے استعمال ہوا، ثابت ہوا کہ عمران خان نے اپنی چوریاں چھپانے کے لیےدوسروں کو چور چور کہا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ علماء بتائیں جھوٹا شخص لیڈر ہو سکتا ہے، بہتان اور تہمت لگانے والے کی کیا سزا ہے؟۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بائیس سال سے عمران خان صرف جھوٹ بول رہا ہے، جھوٹ پر جھوٹ بولنے پر عوام عمران خان کی مذمت کرے۔واضح رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیر اعظم شہباز شریف سے معافی مانگ لی ہے۔ ڈیلی میل نے 14 جولائی 2019ء کو ایک آرٹیکل میں شہباز شریف پر الزام لگایا تھا کہ شریف خاندان نے زلزلہ زدگان کے فنڈ میں چوری کی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف سے متعلق تحقیقات کی اطلاع دی تھی۔