کورونا وائرس کیوں پھیل رہا ہے؟

کورونا وائرس کیوں پھیل رہا ہے؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ سردی میں قوت مدافعت کم اور سموگ بڑھنے سے کورونا پھیل رہا ہے۔

 
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 24گھنٹے کے دوران کورونا کے 429کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 41 مریض جاں بحق ہو گئے۔  کورونا کے 60 فیصد کیس لاہور میں ہوتے ہیں، کسی کو علامات ہوں تو 1122 پر رپورٹ کریں، قریبی ہسپتال میں مفت علاج ہو گا، میو اسپتال اور ایکسپو سنٹر میں بھی مفت ٹیسٹ ہو گا۔

 
 
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 2200 وینٹی لیٹر موجود ہیں، کورونا مثبت آنے کی شرح 9 اعشاریہ 7 فیصد تک پہنچ گئی ہے، 63 بڑے اور 3300 مائیکرو لاک ڈاون جاری ہیں۔ اپوزیشن خدا کے لیے قوم کو صحت مند رہنے دے، مریضوں کی تعداد بڑھتی رہی تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

خیال رہے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ   کورونا کی   حفاظتی تدابیر پر پہلے کی طرح عملدرآمد نظر نہیں آرہا لہٰذا  احتیاطی تدابیر نہ کیں تو شاید ہفتے بعد خدشہ ہے کہ مزید بندشیں لگانی پڑے۔

یاد رہے ملک میں کورونا وائرس سے ایک روز میں مزید 60 افراد جاں بحق اور 2963 کیسز سامنے آ گئے۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ ( covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 33610 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2963 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 60 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8547 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 26142 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 45324 ہے۔اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1797 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 372271 ہو گئی ہے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer