فاران یامین:وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کے امیگریشن پراسیس اور ایئرپورٹ پر کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔
محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے امیگریشن کے طریقہ کار اور مسافروں کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف مسافروں سے بھی امیگریشن پراسیس میں لگنے والے وقت کے بارے میں پوچھا۔
مسافروں نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریباً 30 منٹ لگ رہے ہیں اور انتظامات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ مسافروں کی شکایات اور تجاویز پر محسن نقوی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے امیگریشن کا عمل تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر داخلہ نے امیگریشن پراسیس میں تاخیر سے بچنے کے لیے تمام کاؤنٹرز کھلے رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ محسن نقوی نے کہا کہ تمام کاؤنٹرز فعال ہونے سے امیگریشن کے عمل میں غیرضروری تاخیر نہیں ہوگی۔
دورے کے دوران ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت بھی کی، جس پر وزیر داخلہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے معاملہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کردیا اور متعلقہ ایجنٹ کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی شخص کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل پہلے سے زیادہ آسان ہوگیا ہے، تاہم جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کردی گئی ہے۔