ویب ڈیسک : ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے کارروائی کے دوران انسانی اسمگلرز سمیت 4 ایجنٹ گرفتار کرلئے ۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی شناخت بشارت حسین، شاہ زیب عرف سونو، مظہر اقبال اور شاہد رسول کے نام سے ہوئی، جنہیں گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم بشارت حسین نے شہری کو سمندر کے راستے اٹلی بھجوانے کے لیے 60 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے، ملزم نے شہری کو یونان کی بجائے لیبیا بھجوایا، ملزم اور اس کے ساتھیوں نے شہری کو لیبیا میں سیف ہاؤسز میں محصور کیا اور تاوان کا مطالبہ کیا۔ ملزم نے شہری کو کشتی کے ذریعے غیر قانونی طور پر لیبیا سے یونان اسمگل کی کوشش کی شہری نے سمندر کے راستے یورپ جانے سے انکار کر دیا اور پاکستان واپس آ گیا۔ اس کے علاوہ ملزم شاہ زیب نے شہریوں کو کینیڈا بھجوانے کے لیے 80 لاکھ روپے فی کس ہتھیائے، ملزم نے شہریوں کو کینیڈا کی بجائے ایران بھجوا دیا اور وہاں محصور کر لیا اور تاوان کا مطالبہ کیا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم مظہر اقبال نے شہری کو کینیڈا ملازمت کی غرض سے 94 لاکھ روپے ہتھیائے جبکہ ملزم شاہد رسول نے شہری کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر 20 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے، ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے۔
ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔