سٹی42: وزیراعظم کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، اجلاس میں وزیراعلی پنجاب اور وزراءنے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب میں 7 ارب کی لاگت سے 313 سہولت رمضان بازار قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا صوبائی وزراء کی مختلف اضلاع کا دورہ کرنے کے لیے ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ اشیائے خور و نوش کی دستیابی کی کمی نہیں ہونی چاہیے، رمضان بازاروں اور مارکیٹوں میں چینی مقرر کردہ ریٹ پر دستیاب ہونی چاہیے۔ ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
قبل ازیں کم آمد والے افراد کے لئے ایل ڈی اے سٹی اپارٹمنٹس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں خطاب کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چئیرمین ایس ایم عمران کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم عمران نے ایل ڈی اے کو عوام کے لئے سہل بنایا ہے اور کرپشن کا راستہ روکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے میں جدت لا کر نئے قوانین متعارف کرائے جس سے ایز آف ڈوئینگ پیدا ہوئی۔ ایل ڈی اے میں گراں قدر خدمات دینے پر وہ ایس ایم عمران اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ امید کرتے ہیں وہ ایسے ہی خدمت خلق کرتے رہیں گے اور عوام کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے۔