سٹی 42 : پی ٹی آئی کے چئیرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی کی واضح ہدایت ہے کہ تمام فیصلے پارٹی چیئرمین کی منظوری سے کیے جائیں۔ ہمیں بانی کی ہدایات موصول ہو چکی ہیں، اور پارٹی میں تمام فیصلے انہی کی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور استعفیٰ مجھے نہیں بلکہ طریقہ کار کے مطابق گورنر کو ہی دیں گے۔
بانی تحریک انصاف نے آج وزیراعلیٰ علی امین کی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، اگر کسی صوبے میں حکومت میں تبدیلی یا کوئی اہم اقدام ہو رہا ہے تو وہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق ہی ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بانی کی واضح ہدایت ہے کہ تمام فیصلے پارٹی چیئرمین کی منظوری سے کیے جائیں۔ ہمیں بانی کی ہدایات موصول ہو چکی ہیں، اور پارٹی میں تمام فیصلے انہی کی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 130(8) کے مطابق، اگر کسی وزیرِ اعلیٰ کو استعفیٰ دینا ہو تو وہ گورنر کو دیا جاتا ہے۔ میں خود اس بات کا مجاز نہیں کہ کسی کا استعفیٰ منظور یا مسترد کروں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے یہ بھی فرمایا ہے کہ اگر کوئی تبدیلی ہو تو اسے آئینی تقاضوں کے مطابق انجام دیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں خود تمام اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں اور جو بھی اقدام ہوگا، وہ بانی کی اجازت سے ہی عمل میں آئے گا۔ کبھی کبھار سیاسی عمل میں کوتاہیاں ہو جاتی ہیں، تنقید بھی ہوتی ہے، لیکن بانی نے کہا ہے کہ فیصلے ہمیشہ مشاورت سے کیے جائیں اور ان پر پوری طرح عمل درآمد کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ میں نے تمام ساتھیوں سے بات کی ہے اور سب کا مؤقف یہی ہے کہ پارٹی نظم و ضبط اور قیادت کے فیصلوں پر مکمل عمل کیا جائے۔ ہدایات ہمارے پاس پہنچ چکی ہیں، اور ہم وہی قدم اٹھائیں گے جو بانی چیئرمین کی جانب سے ہوگا۔