سٹی42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پنجاب کے سابق وزیراعلی حمزہ شہباز شریف کی آج لاہور میں حمزہ شہباز کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی ہے۔
مسلم لیگ نون کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اظہار اطمینان کیا۔
ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور سیکورٹی چیلنجز پر گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت پیچیدہ مسائل سے عمدگی کے ساتھ نبرد آزما ہو رہی ہے اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے سکیورٹی مسائل سے نمٹنے کے لئے وزیر داخلہ محسن نقوی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کا مستقبل دہشتگردی کے عفریت سے نجات حاصل کر لینے سے وابستہ ہے۔