ویب ڈیسک : ای – چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تبادلوں کے معاملے پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے احکامات جاری کردیے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تبادلوں پر پابندی عائد کردی۔ جاری کردہ حکم کے مطابق کسی بھی اہلکار یا افسر کو ٹریفک پولیس سے ضلعی پولیس میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔ اسکے علاوہ یہ پابندی ان اہلکاروں پر بھی لاگو ہوگی جن کے تبادلے کے احکامات پہلے جاری ہو چکے ہیں۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک انتظامات میں استحکام اور ای-چالان سسٹم کی مؤثر عملداری کو یقینی بنانا ہے۔
یاد رہے ڈی آئی جی ٹریفک نے انکشاف کیا تھا کہ کراچی میں ای چالان سسٹم کے آغاز کے بعد سے ٹریفک اہلکار تبادلے کرانے لگ گئے ہیں اور کام نہ کرنے والے اہلکار ٹریفک پولیس سے ضلعی پولیس میں تبادلے کرا رہے ہیں۔