ویب ڈیسک:وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے واضح کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کا حتمی فیصلہ وزارتِ پٹرولیم ہی کرے گی۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم قیمتوں سے متعلق باضابطہ اعلان متعلقہ وزارت کی جانب سے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے عالمی سطح پر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو مدِنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں۔
وزیرِ خزانہ نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ریلیف فراہم کرنے کے مختلف اقدامات پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ اس کے فوائد عام آدمی تک پہنچیں۔
یاد رہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ رد و بدل کے باعث عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، اور اب سب کی نظریں وزارتِ پٹرولیم کے آئندہ اعلان پر مرکوز ہیں۔