(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رواں برس اکتوبر میں نئے الیکشن کا عندیہ دے دیا۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نےنجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری نہیں کرنی چاہیے بلکہ اکتوبر تک نئے انتخابات کی طرف جانا چاہیے، ہم ڈیڑھ سال کے لیے نہیں آئے، ہمیں جلد الیکشن کی طرف جانا پڑے گا۔
اسحاق ڈار نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے قرض معاہدے کی مدت بڑھانے کے بجائے نئے معاہدے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ پچھلی حکومت نے انتہائی سخت شرائط پر معاہدہ کیا، ہمیں ملک چلانا ہے، ڈکٹیشن لے کر ملک کا بیڑا غرق نہیں کرنا ، آئی ایم ایف سے نیا معاہدہ کرنا ہوگا ، حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا کر ایک دم عوام پر بوجھ نہیں ڈال سکتی۔
آٹے کی قیمتوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آٹے پر سبسڈی دیں گے جس سے 2 روز میں آٹے کی قیمت کم ہو جائے گی.