سٹی 42 : لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں 224 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹریفک حادثات کی زد میں آ کر ماں بیٹی جاں بحق، 263 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 97شدید زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 166معمولی زخمیوں کو موقع پر فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی ۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثات تیز رفتاری ،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث پیش آئے ۔
علاوہ ازیں چونیاں بائی پاس پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ چونیاں بائی پاس پر کوٹ پربیرا کے قریب کنڈان موڑ کے مقام پر پیش آیا۔ موٹر سائیکل درخت سے ٹکرانے کے نتیجے میں 28 سالہ امیر شاہ اور 23 سالہ ابو بکر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق دونوں نوجوانوں کے سر پر شدید چوٹیں آئیں جو ان کی موت کا سبب بنیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق نوجوانوں کی لاشیں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چونیاں منتقل کر دیں۔