ویب ڈیسک: او جی ڈی سی ای نے قدرتی گیس کی پیداوار میں روزانہ 865 ملین مکعب فٹ کے ہدف کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کمپنی کا مقصد مقامی وسائل کے ذریعے توانائی میں خودمختاری حاصل کرنا اور توانائی کے شعبے میں ترقی کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی بھی توانائی کی خودمختاری اور تیل و گیس کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہےجبکہ او جی ڈی سی ایل خام تیل کی پیداوار میں روزانہ 40 ہزار بیرل کے حصول سے 14 فیصد اضافے کے لیے کوشاں ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی بحران کے تناظر میں مقامی وسائل سے توانائی کے متبادل تلاش کرنا اور قومی آئل کمپنیوں کے ذریعے مقامی ذخائر کو ترقی دینا ایک مثبت اقدام ہے۔
پاکستان کی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی توانائی کی خودمختاری کے لیے مقامی پیداوار میں اضافے کے اقدامات میں سرگرم عمل ہے۔
توانائی کے شعبے کے ماہر محمد عارف کے مطابق موجودہ معاشی بحران کے دوران قومی آئل کمپنیوں پر انحصار بڑھانا تیل و گیس کی درآمدات کم کرنے میں مددگار ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ مقامی دریافتیں توانائی کے شعبے کے لیے مثبت پیش رفت ہیں اور حکومت پاکستان اور ایس آئی ایف سی توانائی کے شعبے میں ترقی اور مستحکم معیشت کے لیے فعال اقدامات کر رہے ہیں۔